دمام، سعودی عرب:
سعودی عرب کے شہر الدمام میں پاکستانی کمیونٹی کے زیرِ اہتمام پاک سعودیہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستانی سفارت خانہ کے فوکل پرسن ندیم اختر چوہدری اور گرین گلوبل ایجوکیشن اکیڈمی کے سی ای او و صدر پاک گلوبل فورم پروفیسر احسان اللہ بھٹی تھے۔
تقریب کا اہتمام کمیونٹی رہنماؤں عبدالباسط اور آصف گجر کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ندیم اختر چوہدری نے کہا کہ پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ نہ صرف حرمین شریفین کے تحفظ کو مضبوط کرے گا بلکہ دونوں ممالک کے مابین اسلامی اور برادرانہ تعلقات کو بھی نئی جہت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مشکل حالات میں بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان اب عالمی سطح پر اپنی کھوئی ہوئی حیثیت بحال کر رہا ہے۔ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کے بعد پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پروفیسر احسان اللہ بھٹی نے کہا کہ گرین گلوبل اکیڈمی سعودی عرب میں معیاری اور بامقصد تعلیم کے فروغ کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی جلد سعودی عرب کے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کرے گی۔
آخر میں مقررین نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، اور پوری پاکستانی قوم اس کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے